سانحہ مچھ کےشہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائےگا، ذمے داروں کوانصاف کے کٹہرےمیں لایاجائےگا،آرمی چیف کی متاثرہ خاندانوں سے ملاقات


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کا دورہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورہ کوئٹہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے سانحہ مچھ کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے سانحہ مچھ کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ وقت گزارا اور اس موقع پران کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ کے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آئی ایس پی

آر کے مطابق آرمی چیف کو سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں سیکیورٹی امورپرتفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ آرمی چیف کو بلوچستان میں سیکیورٹی چیلنجز پر بھی بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کوپاک افغان، پاک ایران بارڈرمنیجمنٹ کے امورپربھی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے گیریژن افسران سے خطاب کیا اور امن واستحکام یقینی بنانے کیلئے تیاریوں اورکوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ اہم محل وقوع کے باعث بلوچستان پر دشمنوں کی کڑی نظر ہے، بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور بلوچستان کی خوشحالی پاکستان کی ترقی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سیکیورٹی، استحکام اورخوشحالی کویقینی بنایا جائے گا، دشمن قوتوں کی تخریبی کوششوں کوکامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔خیال رہے کہ تین جنوری کے روز بلوچستان کے علاقے مچھ میں 10 کان کنوں کو کوئلہ فیلڈ میں مسلح افراد نے قتل کیا تھا جس کے بعد ان کے ورثا نے میتوں کے ہمراہ کوئٹہ میں 6 روز دھرنا دیا اور وزیراعظم کی آمد کا مطالبہ کیا تھا۔





Source link

اپنا تبصرہ بھیجیں